شرکاء کو سائبر سیکیورٹی، فیکٹ چیکنگ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اور آن لائن ارننگ جیسے موضوعات پر تربیت دی گئی۔
ملتان پریس کلب اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے اشتراک سے ملتان کے صحافیوں کے لیے تین روزہ ڈیجیٹل اسکلز کورس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس کورس کا مقصد صحافیوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے روشناس کرانا اور صحافتی میدان میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تربیت فراہم کرنا تھا۔کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم نے کہا کہ صحافیوں کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق اپنی مہارتوں میں اضافہ کرنا چاہیے. ڈیجیٹل کورس صحافیوں کے لیے ایک اہم قدم ہے جو انہیں نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے کام کو مزید موثر بنانے میں مدد دے گا۔ آئی ٹی انچارج پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک وقاص سعید نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک بھر کے صحافیوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کر رہی ہے. جلد ہی ملتان میں ڈیجیٹل جرنلزم سکول کی بنیاد رکھیں گے. جنرل سیکرٹری ملتان پریس کلب نثار اعوان نے اس کورس کو صحافیوں کے لیے ایک مثالی موقع قرار دیا، جبکہ نائب صدر ملتان پریس کلب نعمان خان بابر اور سینئر نائب صدر خالد جاوید چوہدری نے بھی تربیتی سیشن کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔کورس کے دوران شرکاء کو سائبر سیکیورٹی، فیکٹ چیکنگ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اور آن لائن ارننگ جیسے موضوعات پر تربیت دی گئی۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری ملتان پریس کلب شریف جوئیہ، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ جنوبی پنجاب احمد اجمل، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ضلع ملتان عبداللہ مقبول، اور ڈیجیٹل میڈیا انفلوئنسر اسامہ فاروق بھی موجود تھے۔صحافیوں نے کورس کے انعقاد کو ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیا اور ایسے مزید تربیتی پروگرامز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔ یہ کورس نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ ترقی کا باعث بنا بلکہ انہیں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔






