صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم نے کہا ہے کہ نشتر ہسپتال سے نیورو سرجری اور شعبہ ہڈی جوڑ کو نشتر ٹو منتقل کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ہمیشہ کیطرح صحافی برادری عوامی ایشو پر جائز مطالبات کے لیے اپنی آواز بلند کرے گی۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد کی ملتان پریس کلب آمد پر اظہار یک جہتی کرتے ہوئے صدرپریس کلب کا کہنا تھا کہ نشتر ہسپتال کے دو اہم ترین شعبہ جات کو نشتر 2 منتقل کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر پریس کلب ملتان سے ملاقات کی ، ڈاکٹروں نے صحافی برادری کو اعتماد میں لیا۔ تفصیل کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب، اندرون سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بھی بعض اضلاع کو کئی دہائیوں سے علاج کی سہولیات فراہم کرنے والے نشتر 1 کے دو اہم شعبہ جات کو ختم کر کے نشتر 2 منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن میدان میں نکل آئی ہے۔
اس حوالے سے پی ایم اے ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ملتان پریس کلب کے صدر شکیل انجم سے ملاقات کی اس موقع پر پریس کلب ملتان کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ،ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے بتایا کہ محکمہ صحت پنجاب نے نشتر 1 کے شعبہ نیورو سرجری اور شعبہ ہڈی جوڑ کو ختم کرکے نشتر 2 منتقل کرنے کا غیر منطقی فیصلہ کیا ہے جس سے مریضوں کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا ،اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ڈاکٹر ز کمیونٹی اور سول سوسائٹی سڑکوں پر ہوگی تاہم ملتان کی صحافی برادری کو بھی اپنے شہر کی سب سے اہم علاج گاہ نشتر ہسپتال کے ساتھ ہونے والے ظلم پر ہمیشہ کی طرح موثر آواز بلند کرنا ہو گی-
انہوں نے کہا کہ نشتر 2 کو اسلئے بنایا گیا تھا کہ نشتر 1 پر مریضوں کا بوجھ کم ہو تاہم اب نشتر 1 کے اہم ترین شعبہ جات کو آہستہ آہستہ ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ،اس موقع پر صدر پریس کلب ملتان شکیل انجم کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح صحافی برادری عوامی ایشو پر جائز مطالبات کے ساتھ کھڑی ہو گی نشتر 1 قومی سرمایہ ہے اس پر آنچ نہیں آنے دی جائیگی ایسے ہر فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں جس سے عام مریض کا علاج متاثر ہو ۔ ملاقات میں ڈاکٹر عمران قیصرانی ،ڈاکٹر اشفاق ملک ،ڈاکٹر قادر خان ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر ،نثار اعوان،خالد چوہدری ،ناصر شیخ ،رؤف مان اور دیگر نے شرکت کی۔