Admin / Ahmad Kashif +923005696061

تحریر : احمد کاشف

شہیر احمد ماشاءاللہ خیر سے سولہ سترہ برس کا ہے

الحمدوللہ حافظِ قرآن ہے اور سنجیدہ مزاج بھی۔۔
ہم دونوں باپ بیٹا اپنی اپنی ویب سائٹس بنانے پر کام کا آغاز کرنے بارے سوچ رہے تھے کہ اچانک میرے ذہن میں آیا کہ کیوں نا اپنے دوسرے گھر یعنی ملتان پریس کلب کی بھی ایک ویب سائٹ بنائی جائے۔۔
ڈومین تلاش کی تو بہرحال مل گئی۔۔۔اسے خریدا پھر ان لیمیٹڈ ہوسٹنگ بھی حاصل کی ،سوچا کہ مفت والے تھیم کی بجائے دنیا کے ٹاپ پر آنے والے پورے تھیم بلڈر ہی کو کیوں نہ خرید لیا جائے۔۔
چناچہ ۔۔۔۔تھیم کی بجائے پورا تھیم بلڈر ہی خرید لیا اور مختلف تھیمز لگا لگا کر چیک کرنا شروع کریں۔۔
اسی دوران پریس کلب کے الیکشن میں شاندار حیثیت سے منتخب ہو کر کامیاب ہونے والے صدر پریس کلب شکیل انجم بھائی سے کلب میں ملاقات ہوئی تو میں نے سرائیکی میں ہی انہیں کہاکہ

بھائی جان تہاکوں ہک گال کرنی اے ایڈے آؤ۔۔۔
شکیل بھائی نے بازو پکڑا اور کلب کے برآمدے میں رکھے صوفے پر ساتھ ہی بیٹھ گئے۔۔
حکم بھائی جان؟۔۔۔شکیل انجم نےپوچھا۔۔
میں نے انہیں پریس کلب کہ ویب سائٹ کا بتایا۔۔۔بہت خوش ہوئے ۔۔۔کہنے لگے۔۔۔بڑی اچھی بات ہے۔۔۔آپ بنائیں۔۔۔بلکہ ضرور بنائیں۔۔۔۔
تو پھر یوں ہوا کہ میں نے اپنے برخوردار شہیر احمد سے کہا کہ کلب کی ویب سائٹ پر کام تیز کردیں۔۔۔
پھر شہیر احمد نے کمال کر دکھایا۔۔۔ملتان پریس کلب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسکی ویب سائٹ ڈیزائن ہوئی اوراللہ پاک نے اپنی رحمت سے یہ سہرا ہمارے سر کیا۔
اس تمام تر پراجیکٹ میں ہردلعزیز اور صحافیوں کے دکھ درد کے غمخوار صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم بھائی سے مختلف ملاقاتیں رہیں اور انکی مشاورت اور رہنمائی حاصل رہی۔
ڈیجیٹل دنیا میں ملتان پریس کلب کو اسکی ویب سائٹ کی صورت میں نمایاں مقام ملا۔
صرف محدود طور پر روائتی ویب سائٹ کی بجائے اسکو عوامی مفاد کے لیے بھی مزید مؤثر بنانے کے لیے
شکیل بھائی نے تجویز دی کہ پریس کلب میں ہونے والی ہر ایکٹیویٹی کو اسکی ویب سائٹ پر اجاگر کیا جائے۔۔
صحافت عوامی نبض شناسی کا نام ہے۔عوام اور انتظامیہ کے مابین حائل خلیج کو پُر کرنے لیے صحافت اور صحافی ہمیشہ پُل کا کردار ادا کرتے ہیں۔
اس لیے کلب ایونٹس کے ساتھ ساتھ اہم سٹی اپڈیٹس کو بھی اسکا حصہ بنایا گیا ہے ۔تاکہ ویب سائٹ کی وسعت و افادیت میں مزید اضافہ ہو۔
گزشتہ دنوں ایکسپریس نیوز سے محترم ناصر محمود شیخ صاحب کا فون آیا کہ پریس کلب کے لیے آپکی اس خدمت کو سراہتے ہوئے ملتان آرٹس کونسل میں منعقد ہونے والے میگا ایونٹ میں آپ کو اعزاز سے نوازا جائیگا۔۔۔
بلاشبہ ہمارے لیے یہ بہت مسرت کا باعث تھا۔۔۔
اور پھر ملتان آرٹس کونسل کے سٹیج پر شاکر حسین شاکر کے آواز گونجی کہ
” ملتان پریس کلب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسکی ویب سائٹ کو تشکیل دیا گیا ہے اور یہ فریضہ سر انجام دیا ہے
احمد کاشف نے”
درحقیقت یہ ویب سائٹ میرے بیٹے نے خود بنائی ہے میرا صرف آئیڈیا اور ہدایات تھیں۔
اورکسی بھی والد کے لیے یہ بات بڑے فخر کی حامل ہے کہ اسکو اسکے بیٹے کی وجہ سے تکریم و اعزاز نصیب ہو۔ اس روز فادرز ڈے تھا اور میرے لیے میرے بیٹے کی جانب سے فادرز ڈے پر خوبصورت اور انمول تحفہ بھی۔
شہیر احمد ڈیڑھ برس کا تھا کہ اسکی والدہ اس جہانِ فانی سے رخصت ہو گئی تھی۔
مجھے یقین ہے کہ شہیر احمد کی کامیابی پر اسکی جنت مکانی والدہ بھی ضرور مسکرائی ہوگی۔